اسلام آباد: ملک بھر سے 5 ہزار سے زائد کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا چکے، تحریک انصاف کے بعد عوامی نیشنل پارٹی نے بھی عام انتخابات کے لئے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
اسفندیار ولی خان این اے 24 چارسدہ سے میدان میں اتریں گے، سابق وزیراعلیٰ امیر حیدر خان ہوتی این اے 21 مردان، غلام بلور این اے 31 پشاور سے انتخابات میں حصہ لیں گے، زاہد خان این اے 6 لوئر دیر، ارباب کمال این اے 29 پشاور سے اے این پی کے امیدوار ہوں گے، اے این پی دیگر صوبوں کیلئے امیدواروں کا اعلان بھی جلد کرے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے پارٹی کی جانب سے تاحال ٹکٹ جاری نہ ہونے کی اصل وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ ” ابھی میرے حلقے کا معاملہ پینڈنگ ہے ، سروے وغیرہ ہو رہاہے اور اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا ہے اور امید ہے کہ عمران خان میرٹ پر فیصلہ کریں گے۔
پی ٹی آئی کے شاہ فرمان، پیپلز پارٹی کے ضیاءاللہ آفریدی نے اپنے حلقوں سے کاغذات جمع کرا دیئے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے این اے 132 جبکہ مریم نواز نے این اے 125 اور 127 سے کاغذات حاصل کئے ہیں۔ ٹیکسلا میں این اے 63 کیلئے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی نامکمل ہونے پر اعتراض لگ گیا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: تمام وفاقی وزرا پارلیمانی بورڈ کے سامنے پیش ہوئے اور انٹرویو دیا: پرویز رشید
انتخابی سیاست کا پارہ اوپر جانے لگا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے میں 2 دن باقی رہ گئے۔ امیدواروں کا کاغذات نامزدگی وصول اور جمع کرانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کراچی میں بھی مجموعی طور پر 156 فارمز جمع کرائے جا چکے ہیں، ایم کیوایم رہنما فاروق ستار نے تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے 19 جون تک امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی مکمل کر لی جائے گی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں