لاہور: بالی ووڈ میں کام کرنے والی پاکستانی معروف اداکارہ وماڈل سارہ لورین نے کہا ہے کہ وہی ملک اورقومیں ترقی کرتی ہیں جہاں کام کرنے والے ایمانداری کے ساتھ اپنا کام کریں اوراپنے شعبے کی ترقی کے لیے دن رات محنت کریں۔
نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ جن فنکاروں نے کام کے بجائے ہمیشہ خبروں میں رہنے کے لیے شارٹ کٹس کو اپنایا ، ان کی بدولت آج ایک طرف فلم انڈسٹری تباہی کے دہانے پرہے اوردوسری جانب ان کا اپنا امیج اپنے ہی ملک میں نہ ہونے کے برابر ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ایک فلم کامیاب ہوجائے توآئندہ کئی برس تک اس پہلی کامیابی کے بل پربڑی اننگزکھیلنے کا موقع ملتا رہتا ہے،ایک طرف توکامیابی ملتی ہے اوردوسری جانب دولت بھی آجاتی ہے۔سارہ لورین نے کہا کہ ہم اگرپاکستان فلم انڈسٹری پرنظرڈالیں تو گزشتہ دودہائیوں کے دوران پاکستان فلم انڈسٹری کوشدید بحران کا سامنا رہا ہے۔ ایسے میں نوجوان فنکاروں اورفلم میکرز پریہ ذمے داری آن پڑی ہے کہ وہ ماضی کی طرف جھانکتے ہوئے ایسا کوئی بھی کام نہ کریں، جس سے دوبارہ بحران کا سامنا کرنا پڑے۔