عامر سہیل نے سرفراز احمد کو غلط کپتانی پر آڑے ہاتھوں لے لیا

09:10 PM, 9 Jun, 2017

لاہور: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز اوپنر  عامر سہیل کا کہنا ہے کہ پاکستان نے  پروٹیز کیخلاف چیمپئنز ٹرافی میچ میں  درست کمبی نیشن بنایا. پیسرز نے ریورس سوئنگ سمیت اچھی لائن اور لینتھ سے بولنگ کرتے ہوئے حریف بیٹنگ لائن کو پریشان کیا تھا جس کی وجہ سے دباؤ بڑھا.انہوں نے کہا کہ  جنوبی افریقہ کے پاس کئی بڑے نام ہیں لیکن ان کو بھی اچھی بولنگ کا لحاظ کرنا پڑا، بعد ازاں پاکستان کو وکٹیں بھی ملیں اور رنز کا تسلسل متاثر ہوا، فیلڈرز نے بھی جوش کیساتھ ہوش کا بھی مظاہرہ کرتے ہوئے اچھے کیچز لیے، اگلے میچ میں یہی جذبہ فیلڈنگ اور بولنگ کیساتھ بیٹنگ میں بھی برقرار رکھنا ہوگا۔

عامر سہیل نے کہا کہ اگرچہ گرین شرٹس نے اہم میچ میں فتح حاصل کی لیکن کپتان سرفراز احمد کی پلاننگ میں کمزوریوں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، بھارت کیخلاف میچ میں بائیں ہاتھ کے بیٹسمین کریز پرتھے تو محمد حفیظ کو آزمانے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی، جنوبی افریقہ کیخلاف ان سے زیادہ بولنگ کروادی، اچھے ردھم میں نظر آنے والے اسپیشلسٹ بولرز حسن علی اور شاداب خان سے پورے اوورز ہی نہیں کروائے، بہتر فیصلے کرتے ہوئے ٹیل اینڈرز پر دباؤ برقرار رکھا جاتا تو پروٹیز کو 200 سے زائد رنز بنانے کا موقع نہ ملتا۔

یاد رہے کہ پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 220 رنز کا ہدف دیا تھا۔ قومی ٹیم نے 27 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ کو روکنا پڑا .میچ کے دوبارہ شروع نہ ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان نے 19 رنز سے کامیابی سمیٹی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے۔ پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں
 

مزیدخبریں