لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں 220 ارب روپے کے قومی وسائل بچائے ہیں اور پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں اربوں روپے کی ایسی بچت کی کوئی مثال موجود نہیں جبکہ ماضی کی حکومتوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور اربوں روپے کے قرضے ہڑپ کئے اورآج یہ عناصر اپنی پارسائی کا دعوی کر کے سب کے سامنے غلط بیانی سے کام لیتے ہیں۔
وہ پنجاب اسمبلی میں اپنے چیمبر میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو یہ کریڈٹ جاتا ہے کہ اس نے شفافیت کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے اور مخالفین بھی ہمارے منصوبوں میں شفافیت پر انگلی نہیں اٹھا سکتے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ سال عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہے اور حکومت عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گی کیونکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست کا محور صرف عوام کی بے لوث خدمت ہے اورہمارا جینا مرنا عوام کیساتھ ہے اور جب تک سانس میں سانس ہے،میں عوام کی خدمت کرتا رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ فلاح عامہ کے منصوبوں پربلاجواز تنقید کرنیوالے عوام کی ترقی اورخوشحالی کے دشمن ہیں اور تیز رفتاری سے ترقی کرتا ہوا پاکستان بعض سیاسی عناصر کو کھٹک رہا ہے۔اب پاکستان میں الزام تراشی کی نہیں، صرف خدمت کی سیاست ہوگی اورعوام آئندہ الیکشن 2018ء میں بھی کارکردگی ،دیانت ،محنت اورشفافیت کی سیاست کوکامیاب کرائیں گے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں 4 برس کے دوران شفافیت اور ترقی کاسفرکامیابی سے طے کیا ہے اورپاکستان بدل رہا ہے لیکن بدقسمتی سے بعض سیاستدانوں کی سوچ نہیں بدلی اورنیا پاکستان بنانے کے دعویدارپرانے پاکستان کا بھی بیڑا غرق کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن عوام اب ان شکست خوردہ عناصر کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دور آمریت میںپنجاب کے سابق حکمرانوں نے منصوبوں کے نام پر کرپشن کے قبرستان بنائے اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے قومی وسائل کی لوٹ مار کرکے ان کے مسائل میں مزید اضافہ کیا جبکہ دھرنوں اور لاک ڈاؤن کے ذریعے عام آدمی کی ترقی و خوشحالی میں رکاوٹ ڈالی اور اب ان عناصر کو خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی رہی سہی سیاست بھی دفن ہو جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میںبے لوث عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست، کسان دوست اور صنعتکار دوست ہے اور صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ دیا گیا ہے اور یہ ترقیاتی پروگرام مضبوط معیشت، پائیدار ترقی اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ منتخب نمائندے پہلے سے زیادہ جذبے اور عزم کیساتھ عوام کی خدمت میں جت جائیں اور فلاح عامہ کے منصوبوں کی نگرانی کریں اور ان کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں