وزیراعظم سے روسی صدر کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

06:46 PM, 9 Jun, 2017

لاہور: قازقستان کے دارالحکومت میں روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے وزیراعظم نوا زشریف سے ملاقات کی اور شنگھائی تعاون کونسل کی رکنیت ملنے پر مبارکباد پیش کی۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے نواز شریف کو شنگھائی تعاون کونسل کا مستقل رکن بننے کی مبارکباد پیش کی اور مکمل تعاون کی بھی یقین دہانی کرائی۔ اس سے قبل وزیراعظم نواشریف نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل آنٹانیو گوٹیرس، بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی اور افغان صدر اشرف غنی سے بھی ملاقات کی۔

شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سترھویں سربراہی اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے  کہا کہ ایس سی او کے رکن ملکوں سے پاکستان کے گہرے تعلقات ہیں۔ ایس سی او کے منشور پر عمل درآمد کیلئے پر عزم ہیں جبکہ سب کو مل کر دہشت گردی، بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ کرنا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بڑی قربانیاں دیں جبکہ امن کے فروغ کے لئے پاکستان کردار ادا کرتا رہے گا۔ نواز شریف نےاجلاس کی میزبانی پر قازقستان کے صدر، عوام کو مبارکباد پیش کی جبکہ شنگھائی تعاون تنظیم کی مکمل رکنیت دینے پر رکن ممالک کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے بھارت کو بھی ایس سی او کا رکن بننے پر مبارکبا دی۔

یاد رہے پاکستان 2005 میں ایس سی او میں مبصرملک کی حیثیت سے شامل ہوا تھا جبکہ 2010 میں مستقل رکنیت کے لیے درخواست دی تھی۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کو رکنیت دینے کا فیصلہ اصولی طور پر 2015 میں روس میں منعقدہ ایس سی او کے سربراہوں کے اجلاس میں کیا گیا تھا۔ جس کا باقاعدہ اعلان آج کیا گیا اور پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی مستقل رکنیت دے دی گئی۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان میں مزید کہا گیا تھا کہ پاکستان ایس او سی کے اراکین میں شامل تمام مضبوط معشیت اور اسٹریٹجک اہمیت کے حامل ممالک کے ساتھ تاریخی اور ثقافتی رشتوں میں جڑا ہوا ہے۔ ایس او سی کی رکنیت سے پاکستان کو خطے کے مفادات، ترقی اور دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف تعاون میں مدد ملے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں