لاہور : پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) نے ملک بھر میں بجلی کی 19248میگا واٹ ریکارڈ پیداوار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی ریکارڈ پیداوار کے باعث ماہ رمضان میں صنعتی شعبہ کی رات کے اوقات میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے تاکہ صنعتیں اپنی استعداد کے مطابق کام کرتی رہیں۔ ملکی معاشی ترقی کیلئے صنعتوں کے لئے فل ٹائم بجلی ملنا ازحد ضروری ہے ۔
چیئرمین پیاف عرفان اقبال شیخ نے سیئنر وائس چیئرمین تنویر احمد صوفی اور وائس چیئرمین خواجہ شاہزیب اکرم کے ہمراہ ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر اعلانیہ لوڈشیدنگ بھی ختم کی جائے تا کہ متبادل ذرائع استعمال کرنے کی وجہ سے صنعتوں کی پیداواری لاگت نہ بڑھنے پائے۔ ملک بھر میں بجلی کی چو ری روکنے کے لئے قانون سازی پر عملدرآمد کروایا جائے ۔ پیداوری لاگت زیادہ ہونیکی وجہ سے اکثر پیداواری یونٹس بند ہو چکے ہیں اور نئی صنعتیں نہیں لگ رہی ہیں۔ بین الاقوامی حالات کے تناظر میں یہ ضروری ہے کہ صنعتوں کو بلا تعطل بجلی کی سپلائی ملتی رہے تاکہ صنعتیں اپنی استطاعت کے مطابق کام کر سکیں گی اور روزگار کا لیول قائم رہے۔ انڈسٹری کو زیادہ سے زیادہ بجلی دینے کے اقدام سے صنعتوں کا پہیہ چلتا رہے گا اور مزدور بھی خوشحال ہو گا ۔
چیئر مین پیاف عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کی ذاتی کوششوں سے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیلئے جو اقدامات اٹھائے گئے ہیں وہ خوش آئند ہیں ملک میں صنعتوں کے فروغ کیلئے توانائی بحران کا حل بنیادی شرط ہے توانائی منصوبوں کیلئے حکومتی اقدامات کو صنعتکار برادری سراہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صنعتوں کی پیداواری لاگت میں کمی کیلئے صنعتی مقاصد کیلئے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے تاکہ اشیاء کی پیداواری لاگت میں کمی سے ملکی برآمدات میں اضافہ اور تجارتی خسارہ کو کنٹرول کیا جاسکے۔
انھوں نے کہا کہ پنجاب میں دیگر توانائی پراجیکٹ کی تکمیل سے2018 میں توانائی بحران کا مکمل خاتمہ ہوجائے گا اور لوڈ شیڈنگ قصہ پارینہ بن جائے گی۔