برمنگھم: سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے این ٹی ایس ٹیسٹ ڈرامہ ہے۔پڑھے لکھے نوجوانوں کو سرکاری ملازمتوں سے دور رکھنے کی سازش کی جا رہی ہے۔بھمبر واقعہ کے بعد سابق وزیر حکومت چوہدری پرویز اشرف اور دیگر پارٹی رہنمائوں پر جھوٹی ایف آئی آر درج کر کے حکومت ریاست کے ماحول کو خراب کرنا چاہتی ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔چوہدری پرویز اشرف ودیگر پر درج کی جانے والی جھوٹی ایف آئی آر فوری طور پر خارج کی جائے بصورت دیگر حکومت کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔اوورسیز کشمیریوں کی وطن عزیز کے لئے قربانیاں خراج تحسین کے لائق ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی برمنگھم کے رہنما چوہدری شبیر کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر دیے گے افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید نے مذید کہا کہ این ٹی ایس ٹیسٹ حکومتی ڈرامے بازی ہے جو زیادہ دیر نہیں چل سکتی ہے۔میرٹ اور سنیارٹی کا قتل عام کرنے کے لئے این ٹی ایس ٹیسٹ کا ڈرامہ رچایا جا رہا ہے تا کہ ن لیگ اپنے چہیتوں کو نواز سکے۔ایڈہاک ملازمین کے تمام تر مطالبات درست اور حکومت فوری طور پر ان کے مطالبات مان کر انہیں باعزت روزگار فراہم کرے۔