دوحہ:سعود ی عرب سمیت عرب ممالک کے درمیان خلیج بڑھتی جارہی ہے ۔روز نت نئے اور ہنگامہ خیز اقدامات دیکھنے میں آرہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق قطراور سعودی عرب کے تعلقات میں اختلافات کے دوران ہیقطری ٹی وی چینل الجزیرہ پربڑا سائبر حملہ ہوگیا جس سے اس کے تقریباً تمام ہی سسٹم متاثر ہوئے ہیں ۔
سوشل میڈیا پر چینل کی طرف سے جاری بیان میں بتایاگیاکہ یہ سائبرحملہ جمعرات کو تمام سسٹمز، ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کیا گیا تاہم اس حملے کوناکام بنانے کیلئے بھرپور کاوش کی گئی۔ سائبر حملے کی ابتدائی رپورٹس کے بعد خطے کے کچھ ناظرین نے بتایاکہ وہ الجزیرہ ٹی وی کی نشریات نہیں دیکھ پا رہے ۔
الجزیرہ پر مبینہ سائبر حملہ ایک ایسے وقت پر ہوا ہے جب خلیجی ممالک میں اختلافات عروج پر پہنچ گئے ہیں اورسعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، مصر، بحرین اوران کے اتحادیوں نے قطر کیساتھ اپنے تعلقات منقطع کردیئے ہیں، قطر پر ایران کا اتحادی ہونے اور انتہاءپسند عناصر کی مالی معاونت کا الزام لگایاگیا۔عرب ممالک میں اس وقت کشیدگی پیداہوئی جب گزشتہ ماہ قطر نے کہاتھاکہ اس کی سرکاری خبررساں ایجنسی ہیک ہوگئی اور امیرقطر سے منسوب جھوٹا بیان لگادیاگیاجس میں انہوں نے ایران اور حماس کے حق میں لکھاتھا۔
دنیا کی بڑی نیوز آرگنائزیشنز میں سے ایک الجزیرہ پر ریاستوں کے معاملات میں مداخلت کا بھی الزام لگایا جاتا رہالیکن اس کے قائم مقام ڈائریکٹر جنرل مصطفی سواگ نے اسلام کی حمایت میں رپورٹنگ اور عرب ریاستوں کے معاملات میں مداخلت کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہاکہ ’ہم کسی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے ، صرف رپورٹ کرتے ہیں۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔