پاکستان کو ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر سمجھنا بڑی غلطی ہو گی، آفریدی

پاکستان کو ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر سمجھنا بڑی غلطی ہو گی، آفریدی

 لاہور: سابق آل راﺅنڈر کپتان شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ٹورنامنٹ کی دوڑ سے باہر سمجھنا بڑی غلطی ہو گی۔ امید ہے کہ پاکستانی ٹیم سری لنکا کے خلاف میچ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے شائقین کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرنے کا سلسلہ جاری رکھے گی۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان کو اس طرح کھیلتے ہوئے دیکھ کر بہت اچھا لگا میں محسوس کرتا ہوں کہ پاکستان کو ٹائٹل کی دوڑ سے باہر نہیں کیا جا سکتا۔ آج کی فتح کی بدولت یہ ٹیم ٹورنامنٹ میں کچھ انوکھا کر سکتی ہے پاکستان کو کمزور سمجھنا بڑی غلطی ہو گی۔

سابق کپتان نے جنوبی افریقہ کے خلاف میچ میں بہترین کھلاڑی کا اعزاز حاصل کرنے والے 23 سالہ فاسٹ بالر حسن علی کی باؤلنگ کو متاثر کن قرار دیتے ہوئے کہا حسن کی تین وکٹوں کی کارکردگی سے میں بہت خوش ہوا۔ آفریدی نے کہا کہ حسن کے پاس مناسب رفتار ہے اور وہ گیند کو سیم کرنے کے ساتھ ساتھ مکمل کنٹرول کے ساتھ ریورس سوئنگ کی صلاحیت بھی رکھتے ہیں۔

پاکستان نے چیمپیئنز ٹرافی کے اپنے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو 220 رنز کا ہدف دیا تھا۔ قومی ٹیم نے 27 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر 119 رنز بنائے تھے کہ بارش کی مداخلت کے باعث میچ کو روکنا پڑا .

میچ کے دوبارہ شروع نہ ہونے پر ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت پاکستان نے 19 رنز سے کامیابی سمیٹی اور 2 پوائنٹس حاصل کیے۔ پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت کے ہاتھوں شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں