اسلام آباد: آصف کرمانی نے سیاسی مخالفین پر تنقید کیلئے غالب کا سہار ا لے لیا۔ حسین نواز کی جے آئی ٹی کے روبرو پیشی کے موقع پر کپتان اور ان کی ٹیم کو سیاسی مگرمچھ قرار دیدیا ۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ یہ لوگ ٹیکس کی رقم سے جہاز میں تیل ڈلواتے ہیں اور عمران خان کو دیتے ہیں۔وزیراعظم نوازشریف تو چاہتے ہیں کہ ان کا بھی احتساب ہو اور دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک میں خانہ جنگی پیدا کرانا چاہتے ہیں،انہوں نے سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی۔آصف کرمانی کا کہنا تھا کہ ان کے بھی تین احتساب ہوں گے۔وہ تین احتساب کیسے اور کب ہوں گے آپ بھی سنئےکعبہ کس منہ سے جاؤ گے غالب ، شرم تم کو مگر آتی نہیں۔ تمام تر تحفظات کے باوجود ہم جے آئی ٹی سے تعاون کررہے ہیں اور یہ تعاون آگے بھی جاری رہے گا۔ ہم نے ماضی میں بھی احتساب کرایا آج بھی احتساب کرا رہے ہیں، وزیر اعظم دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی چاہتے ہیں، اسی لیے حکومت نے جے آئی ٹی کو مضبوط بنایا اور اسے نیب کے اختیارات دیئے۔ حسن نواز اور حسین نواز نے استثنا نہیں لیا، جب بھی جے آئی ٹی نے بلایا وہ پیش ہوئے، جو دستاویز جے آئی ٹی مانگتی ہے ہم پیش کر دیتے ہیں لیکن حکومت بے بس نہیں، ہم عدالت اور عوام میں جانے کا حق رکھتے ہیں، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی تو اپنا حق استعمال کریں گے، تحفظات کسی قسم کے بھی ہوں ان کودورکیا جانا چاہیے۔