حسین نواز کی جے آئی ٹی میں آج پانچویں پیشی

12:01 PM, 9 Jun, 2017

اسلام آباد: وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز پانچویں بار جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہو گئے۔ لندن فلیٹس کی خریداری سے متعلق پوچھ گچھ جاری ہے۔ جوڈیشل اکیڈمی پہنچنے پر حسین نواز کا اصرار تھا کہ ان کیخلاف کوئی ثبوت موجود نہیں۔ اپنی تصویر لیک کئے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ اس کا مقصد وہی لوگ بتا سکتے ہیں جنہوں نے تصویر لیک کی۔

حسین نواز کی آمد کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ ملحقہ راستوں کو خاردار تار اور بیریئر لگا کر بند رکھا گیا ہے۔

گزشتہ روز جے آئی ٹی نے حسن نواز سے ساڑھے 5 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔ حسن نواز نے جے آئی ٹی کو مطلوب مزید دستاویزات پیش کیں۔

واضح رہے پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سپریم کورٹ میں اپنی دوسری رپورٹ پیش کر دی ہے۔ عدالت نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی کارکردگی پر اظہار اطمینان کیا۔ جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء نے عدالت کو تحقیقات میں درپیش مشکلات سے بھی آگاہ کیا۔ جسٹس اعجاز افضل نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی کو ایک دن بھی اضافی نہیں دیا جائے گا۔

تحقیقات میں پیش آنے والی مشکلات سے متعلق تحریری طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت بھی کر دی تھی ۔ فوٹو لیک سے متعلق وزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی درخواست پر جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ تصویر پر وقت اور تاریخ واضح ہے۔

عدالت دیکھے گی کہ لیک تصویر سے متعلق تحقیقات ہونی چاہئے یا نہیں۔ سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کی جانب سے پیش کردہ 15 روزہ کارکردگی رپورٹ دوبارہ سیل کر کے رجسٹرار کو بھجوانے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی تھی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں