لاہور:استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان کاکہنا ہے کہ عوام غیر مطمئن ہیں، حکومت نے ریلیف کے بجائے تکلیف میں اضافہ کیا ہے۔انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ عوام غیر مطمئن ہیں، حکومت نے ریلیف کے بجائے تکلیف میں اضافہ کیا ہے۔مہنگائی کے سبب عام آدمی کے مسائل خوفناک حد تک بڑھ چکے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر ہے۔ حکومت مہنگائی کے سامنے بے بس ہے، 24 بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں 42 فیصد بڑھیں۔آٹا، چینی، کوکنگ آئل، دالیں تک مہنگی ہو گئی ہیں، عام شہری کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔
انہوں نے کہا ایل پی جی اور بجلی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سے شہری پریشان ہیں۔ غریب طبقہ پس چکا ہے اور گزشتہ ایک سال میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آئی۔
پی ٹی آئی کے ساڑھے 3 سال کے بعد اس ڈیڑھ برس میں بھی عوام کا بیڑہ غرق ہوا۔موجودہ حکومت نے حکومت نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے مشکلات میں مزید اضافہ کیا ہے۔ ادارہ شماریات کے اعداد و شمار حکومتی کارکردگی کی قلعی کھول رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے معاہدے میں تاخیر مسائل میں اضافے کا باعث بنی۔ملک کومعاشی محاذ پر بڑے بحرانوں کا سامنا تشویشناک ہے۔