اگست میں اسمبلیاں ٹوٹ جائیں گی، کئی شہروں میں 82 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے: خواجہ آصف کا انکشاف 

09:47 AM, 9 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

سیالکوٹ : وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ الیکشن کی تیاری کا آغاز ہوچکا ہے۔ ایک ماہ کے اندر اسمبلی مدت پوری کرکے تحلیل ہوجائے گی۔ ن لیگ میں ٹکٹوں کی تقسیم کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

سیالکوٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہم نے نہایت ہی مشکل حالات میں حکومت سنبھالی، ہمارے پاس چوائس تھی کہ فوری حکومت سنبھالتے ہی اسمبلیاں تحلیل کر دیتے۔ اسمبلی ختم کر دیتے تو آئی ایم ایف اور دیگر امداد کا سلسلہ رک جاتا اور ملک ڈیفالٹ کر جاتا۔

انہوں نے کہا کہ ہزاروں ارب روپے کی بجلی، گیس اور ٹیکس چوری ہوتا ہے۔ ایسے ایسے شہر ہیں جہاں 82 فیصد بجلی چوری ہوتی ہے، یہ سلسلہ جاری رہا تو ملک معاشی طور پر دربدر ہوتا رہے گا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے غلط سیاسی فیصلوں کی وجہ سے اس کی حکومت گئی۔ اس شخص نے اتنی غلطیاں کیں جس کے ڈپریشن میں اس نے 9 مئی کا پلان بنایا۔9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن تھا، اس نے ریاست کو للکارا، دیکھیں تو سہی اس کے ٹارگٹ کیا تھے۔ اس نے دشمنوں کی طرح کردار ادا کیا، اس شخص نے دفاع کے ضامن ادارے کو للکارا۔ یہ واقعہ بیرون ملک کی آشیرباد کے بغیر نہیں ہوسکتا تھا۔ 

ان کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں نے بےشمار غلطیاں کیں، اسٹیبلشمنٹ نے بھی غلطیاں کیں۔ کسی پارٹی کا کوئی ورکر مفرور ہوتے نہیں دیکھا جس طرح ان کے لیڈرز مفرور ہوئے۔ سیاسی ورکر عزت آبرو سے گرفتار ہوتا ہے تو اس کی چادر چار دیواری کا تقدس بھی رہتا ہے۔

مزیدخبریں