سانحہ 9 مئی: پاکستانی ہائی کمیشن برطانیہ میں توڑ پھوڑ ،اداروں کے خلاف نعرے بازی پر پی ٹی آئی کارکن کو سزا 

09:30 AM, 9 Jul, 2023

لندن : برطانیہ میں مقیم پاکستان تحریک انصاف کے کارکن عامر وسیم کو ویسٹ منسٹر مجسٹریٹس کی عدالت نے پاکستان ہائی کمیشن کے احاطے میں پرتشدد حملے کا مجرم قرار دیدیا ہے۔ یہ حملہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں 9 مئی کو عمران خان کی گرفتاری کے نو دن بعد کیا گیا تھا۔ 

انگریزی اخبار دی نیوز کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ ووڈ لینڈز لین، لیٹنسٹون، ایسٹ لندن کے 51 سالہ عامر وسیم چودھری پر پاکستان ہائی کمیشن میں مجرمانہ نقصان کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ 18 مئی کو تقریباً 22:11 بجے نائٹس برج میں پاکستانی ہائی کمیشن پر عامر چودھری کے حملے کے بعد یہ الزام اور سزا سنائی گئی۔

اسکاٹ لینڈ یارڈ کے ذرائع نے تصدیق کی کہ اسے 18 مئی کی رات پاکستان ہائی کمیشن سے ہنگامی کال موصول ہوئی جب عامر وسیم چودھری پاکستان ہائی کمیشن لندن کے سامنے آئے۔

 انہوں نے ’’حقیقی آزادی‘‘ کے نعرے لگائے اور حکومت پاکستان، قومی اداروں کے خلاف نعرے لگائے اور مشن کے احاطے کی خلاف ورزی کی۔ کراؤن پراسیکیوشن سروس نے اس بات کی تصدیق کی کہ عامر وسیم چودھری پر پاکستان ہائی کمیشن کی املاک کو مجرمانہ نقصان پہنچانے کے جرم میں مقدمہ چلایا گیا۔

عامر چودھری نے کورٹ کے سامنے پیش کیے گئے ثبوت دیکھ کر اپنا جرم قبول کیا جس پر کورٹ نے انہیں پاکستانی ہائی کمیشن کا نقصان پورا کرنے کا حکم دیا۔ 

مزیدخبریں