کولمبو: سری لنکا میں بد ترین معاشی بحران کے پیش نظر وزیراعظم وکرما سنگھے کل جماعتی حکومت بنانے کیلئے عہدے سے مستعفی ہونے کو تیار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سری لنکن وزیراعظم ہاﺅس کی جانب سے جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم وکرما سنگھے ملک کے معاشی بحران کے حل کیلئے کل جماعتی حکومت بنانے کو مستعفی ہونے پر راضی ہو گئے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق سری لنکا میں آج ہزاروں مظاہرین نے صدارتی محل پر دھاوا بولا اور مطالبہ کیا تھا کہ صدر گوٹابایا راجاپاکسے استعفیٰ دیں جبکہ صدارتی محل پر مظاہرین کے حملے سے پہلے ہی صدر کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز نے مظاہرین سے نمٹنے کیلئے فائرنگ، آنسو گیس کی شیلنگ بھی کی، فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوئے جبکہ آنسو گیس کی شیلنگ سے 30 سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق سری لنکا میں عوام کو کئی ماہ سے خوراک، ادویات، ایندھن، بجلی کی قلت اور مہنگائی کے مسائل درپیش ہیں جس کے باعث احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔