اسلام آباد: سی ڈی اے انتظامیہ نے عید کے موقع پر شہریوں سے تعاون کی اپیل کی ہے ۔ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد شہر کو چار مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے ۔ سی ڈی اے کے مطابق 2000 سے زائد عملہ اور 100 سے زائد مختلف اقسام کی جدید گاڑیاں فیلڈ میں 24 گھنٹے موجود رہیں گی ۔
عیدالاضحی کے موقع پر متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں ۔ آلائشیں تلف کرنے کے لئے 44 مختلف مقامات پر 88 سے زائد گڑھے کھودے گئے ہیں ۔ سی ڈی اے انتظامیہ کی جانب سے ہیلپ لائن نمبرز بھی جاری کر دئیے گئے ہیں ۔ شہری واٹس ایپ یا ایس ایم ایس کے ذریعے بھی جانوروں کی آلائشیں اٹھوانے یا صفائی کی شکایات کا اندراج کرواسکتے ہیں ۔
خیال رہے کہ اسلام آباد کی طرح لاہور ، کراچی اور ملتان سمیت تمام شہروں میں عیدالاضحی کے موقع پر صفائی پلان کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ۔