لاہور: وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی نے لوگوں کو اپنے مقصد کیلئے ٹشوپیپر کی طرح استعمال کر کے پھینک دیا ہے ۔ عمران نیازی نے کرکٹ سے لے کر اب تک اپنے محسنوں کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے ۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران نیازی کو اس کے کزن ماجد خان کرکٹ کے میدان میں لائے تھے ۔ عمران نیازی نے ٹیم میں آنے کے بعد سب سے پہلے ماجد خان کو ٹیم سے باہر کرایا ۔ پی ٹی آئی کے ہمدرد سوچیں کیا ان کا لیڈر عمران نیازی بھی ان سے مخلص ہے؟ پی ٹی آئی کے ہمدردوں کو مشورہ ہے وہ ٹھنڈے دماغ سے اس بارے میں سوچیں ۔ پاکستان کیلئے خدمات کے حوالے سے مجھے کسی کو بتانے کی ضرورت نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو آج بے شمار مسائل کا سامنا ہے ۔ آج پاکستان کو قرضوں اور معاشی مشکلات درپیش ہیں ۔ تمام مسائل ایک دو سال میں حل کئے جاسکتے ہیں ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشرے میں انتہا پسندی اور نفرت کا زہر تیزی سے پھیل رہا ہے ۔ معاشرے سے نفرت اور انتہا پسندی کو ختم کرنے کیلئے سوچتا ہوں ۔ سیاست میں تعصب اور نفرت نے معاشرے کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے ۔
رہنما ن لیگ نے کہا کہ معاشرے میں اگر نفرت کا بیج بویا جائے تو اس سے نجات کیلئے دہائیاں لگ جاتی ہیں ۔ عمران خان کی سیاست معاشرے میں نفرت پھیلانے پر مبنی ہے ۔ عمران نیازی سے توقع تھی سیاست میں اسپورٹس مین شپ کو فروغ دیں گے ۔ ہر طبقے کے افراد نے مجھ سے بدتمیزی اور ہلڑ بازی کے واقعہ کی مذمت کی ہے ۔ بیرون ملک سے بے شمار لوگوں نے رابطہ کرکے واقعہ کی پر زور مذمت کی ۔ نفرت کے طرز عمل کو فروغ دینے والی قیادت کیخلاف ہوں ۔