سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے

11:02 AM, 9 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

ریاض: سعودی عرب اور تمام خلیجی ممالک میں آج عید الاضحیٰ منائی جارہی ہے ، عید کی نماز کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام و مسجد نبوی میں ہوا ۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنی ٹویٹ میں تمام مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے اللہ تعالیٰ اس عید کو پوری دنیا کیلئے پُرامن عید بنائے ۔

شاہ سلمان نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے مختلف ممالک کے زائرین نے فریضہ حج بخوبی ادا کرلیا ، سعودی عرب آنے والے زائرین کو آسانیاں مہیا کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے ۔

ادھر ، امریکی وزیر خارجہ نے بھی دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی ہے ، اپنے پیغام میں انٹونی بلنکن نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمدردی اور غریبوں کی مدد کا درس دیتی ہے ۔ انہوں نے تمام حجاج کرام کو بھی مبارکباد دی ۔

خیال رہے کہ پاکستان میں عید قربان کل منائی جائے گی ، اسلیے مویشی منڈیوں میں رش بڑھ گیا ہے ، شہری من پسند جانوروں کی خریداری میں مصروف ، خریدار جانوروں کی زیادہ قیمتوں سے پریشان ہیں ۔

مزیدخبریں