سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا

09:14 PM, 9 Jul, 2021

ریاض: سعودی عرب میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا اور وقوف عرفہ 19 اور عیدالاضحیٰ 20 جولائی کو ہو گی۔ یکم ذوالحجہ بروز اتوار 11 جولائی کو ہو گی۔ رواں سال کورونا کے باعث ساٹھ ہزار افراد ہی حج  کی سعادت حاصل کر سکیں گے۔ 

یاد رہے کہ سعودی عرب کی حکومت نے کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر محدود پیمانے پر حج کی اجازت دینے کا اعلان کیا تھا۔

عرب میڈیا کے مطابق تمام ممالک کے شہری جو سعودی عرب میں مقیم ہیں صرف انہیں حج کرنے کی اجازت ہو گی۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے عازمین اس سال حج کی ادائیگی کیلئے نہیں جا پائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کل کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہو گا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق اجلاس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات، سپارکو، نیوی اور وزارت مذہبی امور کے نمائندے بھی شریک ہوں ‏گے۔ ‏

زونل کمیٹیوں کے اجلاس متعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوں گے اور نمائندے چاند نظر آنے یا نہ ‏آنے سے متعلق شہادتیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو بھیجیں گے جس کے بعد چاند کی شرعی ‏رویت کا اعلان کیا جائے گا۔

مزیدخبریں