راولپنڈی : آل پاکستان فارما موومنٹ کی قیادت کا کہنا ہے کہ حکومت ٹکراؤ کی طرف جارہی ہے۔ملک بھر کی فارما برادری 235 جی اور 236 ایچ ایڈوانس ٹیکس مسترد کرتی ہے۔ حکومت کو پانچ دن کی مہلت ہے بصورت دیگر جمعرات 15 جولائی سے پورے ملک میں ہڑتال کریں گے ۔
آل پاکستان فارما موومنٹ کے زیراہتمام راولپنڈی کے نجی ہوٹل میں کنونشن کا انعقاد ہوا ۔ ملک بھر سے آئے شرکا نے انکم ٹیکس کو یکسر مسترد کردیا۔ بعدازاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آل پاکستان فارما موومنٹ کے چیئرمین صلاح الدین شیخ، ظفر بختاوری، چوہدری عمران رشید و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر غلط مشیروں سے چھڑائے اور صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی خصوصی نوٹیفیکیشن جاری کرکے 235 جی اور 236 ایچ ٹیکس فوری کو طور پر ختم کریں ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں احتجاجی تحریک چلانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ۔ حکومت کو صرف 5 دن کا نوٹس دے رہے ہیں جبکہ کورونا سے متاثر افراد سمیت دیگر بیمار اپنی ادویات کا ذخیرہ کرلیں کیونکہ ہم جمعرات 15 جولائی سے پورے ملک میں ہڑتال پر جارہے ہیں اس دوران تمام ڈسٹری بیوٹر اور ریٹیلر اپنا کاروبار بند رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ واضح کرتے ہیں انسانی جانوں کے نقصان کی مکمل ذمہ داری حکومت پر ہوگی پھر بھی شنوائی نہ ہوئی تو 19 جولائی سے غیر معینہ مدت تک ہڑتال شروع کردیں گے۔ ہم اانتہائی قدم اٹھانے سے پہلے وزیر خزانہ، چئیرمین ایف بی آر کو لکھیں گے۔
حکومت سے مذاکرت کے لیئے کمیٹی تشکیل دیدی ہے نظر آرہا ہے کہ حکومت ٹکراؤ کی طرف جارہی ہے۔سارا کاروبار 600 ارب روپے ہے ۔ اس ٹیکس سے 3 ارب روپے حکومت کو حاصل ہوگا۔ہم پہلے ہی حکومت کو ٹیکس دے رہے ہیں ایک ایسا ٹیکس عائد کیا گیا جو ٹیکس بنتا ہی نہیں ۔