لاہور :عید قریب آتے ہی لاہور شہر میں مویشی منڈیوں کی رونقیں بحال ہونے لگیں ،ایک طرف جہاں بیو پاریوں نے چھریاں تیز کر لیں وہیں ٹھیکے دار بھی بے لگا م ہو گئے ۔
رپورٹر نیو نیوز آفاق ہاشمی کے مطابق لاہور کی سب سے بڑی مویشی منڈی شاہ پور کانجراں میں ٹھیکے دار بے لگا م ہو گئے ،اپنی من مرضی کرتے ہوئے آنے جانے والے جانوروں پر جگا ٹیکس وصول کرنا شروع کر دیا ۔
شاہ پورکانجراں مویشی منڈی میں پرچی مافیا بیوپاریوں اور شہریوں سے پیسے بٹورنے لگا،منڈی میں داخلے پر تو پرچی تھی ہی اب باہر نکلتے وقت بھی پیسے ادا کرناہوں گے ، پرچی مافیا نے منڈی میں بڑے جانور کے داخلے پر ایک ہزار روپے جبکہ فی بکرا 100 روپے ٹیکس لگا دیا ۔
جانور کی خریداری کے بعد منڈی سے باہر نکلتے وقت رکشہ ڈرائیور سے 50روپے اور شہریوں سے 500 سے 1500 روپےوصول کئے جانے لگے،شہریوں نے دہائی دی ہے مافیا کو لگام ڈالی جائے۔
ایک طرف شہری پرچی مافیاسے پریشان نظر آتے ہیں ،دوسری جانب بیوپاریوں کو پانی ، ٹینٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔