جو طالبعلم وقت مانگ رہے ہیں وہ سپلمنٹری امتحان میں شریک ہوں، شفقت محمود

05:47 PM, 9 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے وقت مانگنے والے طالبعلموں کیلئے اہم اعلان کر دیا۔

ایک بیان میں وزیر تعلیم کا کہنا ہے کہ جو طالبعلم وقت مانگ رہے ہیں وہ سپلمنٹری امتحان میں شرکت کرسکتے ہیں۔ تمام بورڈ کے سپلیمنٹری امتحانات دو تین ماہ بعد ہوں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ امتحانات کیوں ملتوی کئے جائیں، جن طلباء کی تیاری ہے انہیں کیوں سزا دی جائے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں اظہار خیال کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے مطالبہ کیا کہ طلبا آن لائن تیاری سے محروم رہے ہیں لہذا امتحانات کو کچھ روز کے لیے ملتوی کیا جائے جس پر پارلیمانی سیکریٹری وجیہہ اکرم بولیں بچوں کے مستقبل کا سوال ہے اور امتحان کیسے ملتوی کر دیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال کسی دلیل کے ساتھ بتا دیں امتحانات کے بغیر کیسے طلبا کو پاس کریں اور طلبا کو آن لائن بھی تعلیم دی گئی ہے جبکہ وفاقی و صوبائی وزرائے تعلیم کے ساتھ ملکر امتحانات کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ چند ہفتوں کیلئے امتحان ملتوی کر دیں تو نتائج اچھے آئیں گے۔ یہ کسی ضد کا مسئلہ نہیں ہے اور حکومت نظر ثانی کرے جبکہ میں نے کبھی حکومت سے درخواست نہیں کی آج کر رہا ہوں۔

اس کے جواب میں اسپیکر اسد قیصر نے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ خود وزیر تعلیم شفقت محمود سے بات کروں گا۔ مسئلے کا حل نکالیں گے۔

مزیدخبریں