واشنگٹن : ایپل کمپنی نے نائن الیون حملوں کے 20 سال مکمل ہونے پر دستاویزی فلم بنانے کا اعلان کردیا ۔
فلم ’دا پریزیڈنٹس وار روم‘ بی بی سی اور ایپل کے اشتراک سے ریلیز کی جائے گی ۔ ،فلم کی کہانی ورلڈ ٹریڈ سینٹر سے طیارے ٹکرانے کے بعد والے 12 گھنٹوں پر مرکوز ہوگی۔
فلم کی ہدایتکاری ایڈم وسارت نے کی ہے۔ یہ برطانوی ہدایتکار ہیں جو چینل 4 کی دستاویزی فلم ’وارلورڈز نیکسٹ ڈور‘ کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ اس فلم میں صدر جارج ڈبلیو بش ، نائب صدر ڈک چینی ، کونڈولیزا رائس ، اور کولن پاول جیسی اہم شخصیات کے وڈیو کلپس ہوں گے۔
تقریبا 200 تصاویرایسی ہوں گی جو پہلے کبھی شائع نہیں کی گئی۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ فلم سابقہ فلموں سے زیادہ مقبولیت حاصل کرپائے گی۔
گزشتہ سالوں میں بھی نائن الیون کے حادثے پر کئی فلمز بنائی جا چکی ہیں جن میں فارن ہائیٹ 9/11، ورلڈ ٹریڈ سینٹراور زیرو ڈارک تھرٹی شامل ہیں۔
نائن الیون امریکی تاریخ کا سیاہ دن جب عسکریت پسند تنظیم القاعدہ نے امریکی سرزمین پر دہشت گردانہ حملے کیے۔
نیو یارک سٹی اور واشنگٹن ڈی سی کے خلاف حملوں میں بڑے پیمانے پر اموات اور تباہی ہوئی۔ نیویارک میں تقریبا 2،750 افراد ، پینٹاگون میں 184 ، اور پینسلوینیا میں 40 افراد ہلاک ہوئے۔
نیو یارک میں پولیس اور فائر بریگیڈ کے شعبے خاص طور پر سخت متاثر تھے۔ سینکڑوں افراد حملے کے مقام پر پہنچ گئے تھے اور 400 سے زائد پولیس افسران اور فائر فائٹرز ہلاک ہوگئے تھے۔