اسلام آباد: قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گرد مہاجرین کے بھیس میں پاکستان آکر حملے کرسکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے اس خدشے کا اظہار سینیٹ خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ کے دوران کیا، معید یوسف کا کہنا تھا کہ امریکا افغانستان سے انخلا کرچکا ہے، افغانستان میں حالات بہت خراب ہیں، صورتحال قابو سے باہر ہے۔
معید یوسف کا کہنا تھا کہ خطے میں بہترین رابطوں کیلئے افغانستان میں امن ضروری ہے، اگر امن چاہتے ہیں توافغان حکومت پاکستان کیساتھ تعلقات بہتر بنائے کیونکہ افغانستان میں خانہ جنگی کا زیادہ نقصان پاکستان کا ہوگا، ہم چاہتے ہیں کہ تشدد کا خاتمہ ہو تاکہ پاکستان متاثر نہ ہوسکے۔
سینیٹ خارجہ امور کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر قومی سلامتی نے بتایا کہ پاکستان نے افغانیوں کے لئے آن لائن ویزہ اسٹریم لائن کردیا ہے، اب یو این ایچ سی آر متوقع افغان مہاجرین کے لئے کیمپ قائم کرے۔
مشیرقومی سلامتی معید یوسف نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ گلگت بلتستان میں طالبان کی کوئی منظم موجودگی نہیں ہے ، بھارت پروپیگنڈا ویڈیو بنا کر پھیلا رہا ہے، بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈے کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے، قانون نافذ کرنیوالے ادارے، ملٹری اور خفیہ ایجنسیاں کام کررہے ہیں، ایجنسیوں نے کافی گرفتاریاں بھی کی ہیں۔