بھارتی ڈاکٹر نے مفت آپریشن کرکے نوجوان کے مثانے سے ناریل برابر پتھری نکال دی

02:30 PM, 9 Jul, 2021

نئی دہلی : بھارتی ڈاکٹر نے  مفت آپریشن کرکے 17 سالہ نوجوان کے مثانے میں موجود 1 کلوگرام وزنی پتھری نکال دی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر ممبئی میں کلکتہ سے تعلق رکھنے والے نوجوان کی دو سرجریاں کی گئیں جس کے بعد اسے دوبارہ زندگی ملی۔

ڈاکٹر راجیو ریڈکر نے انسانیت کی خاطر روبن شیخ کی دو مفت سرجریاں کیں جس کے بعد ناریل کے حجم کا پتھر نوجوان کے مثانے سے نکالا گیا، جو بچپن سے پیشاب کی تھیلی میں موجود تھا۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ نوجوان پیدائش کے وقت ہی تشویش ناک حالت میں پیدا ہوا تھا جس کی وجہ سے اس کا مثانہ اور پیشاب کی نالی خراب تھی۔

ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ مذکورہ نوجوان ایک خاص بیماری (Exstrophy-Epispadias Complex)کے ساتھ پیدا ہوا تھا جو جنم لینے والے 1 لاکھ بچوں میں سے کسی ایک کو ہوتی ہے، اس بیماری میں سب سے عام مسئلہ یہ ہوتا ہے کہ مثانہ پیشاب کو جمع نہیں کرپاتا اور صحیح سے کام نہیں کرتا۔

ڈاکٹر راجیو گزشتہ 15 برس سے روبن شیخ کا علاج کررہے تھے اور انہوں نے نوجوان کے مثانے کا ایک آپریشن کیا تھا جس کے ذریعے اس کے مثانے میں ایک پائپ لگا دیا جو باہر ایک تھیلی سے جڑا ہوا تھا، اس آپریشن کے بعد شیخ یورین کرسکتا تھا۔

اس آپریشن کے بعد نوجوان واپس کلکتہ چلا گیا اور اس کا علاج درمیان میں رک گیا لیکن کچھ عرصے بعد شیخ دوبارہ ڈاکٹر راجیو کے پاس آیا، جس کی حالت بہت زیادہ خراب تھی اور اس کے مثانے میں موجود پتھری کا سائز ناریل کے برابر ہوگیا تھا جس کا وزن 1 کلو گرام تھا۔

ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ اگر شیخ کا فوری آپریشن نہ کیا جاتا تو اس کی موت یقینی تھی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخ کے مالی حالات ایسے نہیں تھے کہ وہ آپریشن کی رقم ادا کرسکتا لیکن ڈاکٹر راجیو نے انسانیت کی خاطر بغیر پیسوں کے نوجوان کی دو سرجری کی اور پتھر کو بلیڈر سے باہر نکالا۔

ڈاکٹر راجیو کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی پیچیدہ آپریشن تھا لیکن میں ڈاکٹروں کی ماہر ٹیم کی مدد سے روبن شیخ کی زندگی بچانے میں کامیاب رہا۔

مزیدخبریں