سندھ میں کورونا ویکسی نیشن والے مسافر ہی گاڑیوں میں سفر کرسکیں گے ،این سی او سی فیصلہ

سندھ میں کورونا ویکسی نیشن والے مسافر ہی گاڑیوں میں سفر کرسکیں گے ،این سی او سی فیصلہ
سورس: file photo

کراچی: سندھ میں کورونا ویکسی نیشن کروانے والے ہی مسافرگاڑیوں میں سفر کرسکیں گے،نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر  (این سی او سی) کے فیصلے پر عملدرآمد کا آغاز کردیا گیا۔

سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ اویس شاہ کا کہنا ہےکہ این سی اوسی کے فیصلے کی روشنی میں مسافر گاڑیوں میں کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کیے جائیں گے اور اس سلسلے میں سندھ کےتمام ریجنل ٹرانسپورٹ سیکرٹریز کو احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی اور بین الاضلاعی پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ چیک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پبلک ٹرانسپورٹ مالکان، آپریٹرز اور مسافر ویکسی نیشن کے ساتھ ہی سفر کرسکتے ہیں، ٹرانسپورٹرز کورونا سرٹیفکیٹ کے بغیر مسافر کی ٹکٹس بک نہ کریں، شہریوں کے تعاون سے ہی ہم کورونا کی وبا کے پھیلاؤکو روک سکتے ہیں۔


صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ نے دیگر صوبوں سے سندھ آنے والے تمام مسافروں کو کورونا سرٹیفکیٹ ساتھ لانےکی ہدایت کی ہے جب کہ ڈرائیورز اور کنڈیکٹرز کو بھی کورونا سرٹیفکیٹ ساتھ رکھنے کا کہا گیا ہے۔