راولپنڈی میں کورونا وائرس کی صورتحال تشویشناک، ڈیلٹا قسم کے متعدد کیس رپورٹ

12:31 PM, 9 Jul, 2021

راولپنڈی: کورونا وائرس کی وجہ سے راولپنڈی شہر کی صورتحال گھمبیر ہوتی جا رہی ہے۔ محکمہ صحت نے شہر کے ایسے 10 گنجان آباد علاقوں کی نشاندہی کی ہے جہاں سے وبا کی خطرناک قسم ڈیلٹا کے متعدد کیسز مسلسل رپورٹ ہو رہے ہیں۔

محکمہ صحت حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے ان علاقوں میں فوری طور پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے تاکہ کورونا کی خطرناک قسم ڈیلٹا کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

میڈیا کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں ڈیلٹا قسم کے اب تک لگ بھگ 15 کیس رپورٹ ہو چکے ہیں۔

ڈویژنل کمشنر سید گلزار حسین شاہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صورتحال کی سنگینی کو سمجھیں اور جہاں تک ممکن ہو جلد از جلد اپنی ویکسی نیشن کرائیں تاکہ اس سے وہ خود کو عالمی وبا کے وار سے محفوظ رکھ سکیں۔ انہوں نے محکمہ صحت حکام سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کیلئے سخت اقدامات اٹھائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام سرکاری ملازمین پر بھی لازم کر دیا گیا ہے کہ وہ 15 جولائی تک اپنی ویکسی نیشن کا ثبوت پیش کریں، ایسا نہ کرنے والے ملازمین کی عید سے قبل تنخواہیں ادا نہیں کی جائیں گی۔

ادھر محکمہ صحت حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی جن گنجان آباد علاقوں سے کورونا کی ڈیلٹا قسم کے کیس رپورٹ ہو رہے ہیں ان میں ٹیکسلا، جلالہ روڈ، ڈھوک دلال، خیابانِ سرسید، امر پورہ، ڈھوک کشمیری، گلشن آباد، ٹینچ بھٹہ، اڈیالہ روڈ، اور مصریال روڈ شامل ہیں۔

تاہم ضلعی انتظامیہ کی اس معاملے پر سنجیدگی کا اندازہ اس سے لگایا جا سکتا ہے کہ محکمہ صحت کے حکام کی وارننگ کے باوجود ابھی تک ان علاقوں میں سختی یا لاک ڈاؤن لگانے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔

مزیدخبریں