ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر شروع ہوچکی ہے ، اسد عمر

10:47 AM, 9 Jul, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور این سی او سی کے چیئرمین اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے آغاز کے واضح آثار ہیں ۔

اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ 2 ہفتے پہلے کہا تھا آرٹیفیشل انٹیلی جنس ماڈلز چوتھی لہر کو ظاہر کر رہے ہیں ۔ اب واضح طور پر چوتھی لہر کے آغاز کی ابتدائی علامات کو دیکھا جاسکتا ہے ۔

وفاوی وزیر نے کہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہ ہونا اور مختلف ویری انٹس کا پھیلاؤ بڑی وجوہات ہیں ۔ ان ڈور شادیوں ، ریسٹورنٹ ، جمز میں ایس او پیز پر عمل نہیں ہوا ، ان ڈور تقریبات میں ویکسین شدہ افراد کی شرط پر عمل نہیں ہو رہا ۔

انہوں نے کہا کہ مالکان نے ذمہ داری کا مظاہرہ نہ کیا تو سہولتوں کو بند کرنا پڑے گا ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 25 افراد انتقال کرگئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 22 ہزار 518 ہو گئی ہے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق ، 24 گھنٹے کے دوران ایک ہزار 737 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی جبکہ 47 ہزار 528 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے ۔

ملک میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 3.65 فیصد رہی جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 9 لاکھ ، 69 ہزار 370 تک پہنچ گئی ۔

مزیدخبریں