ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں اولمپکس سے دو ہفتے قبل پورے شہر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے تاکہ کورونا کا ممکنہ پھیلاؤ روکا جا سکے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اولمپکس منتظمین نے تمام تماشائیوں کی شرکت پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پچاس فیصد تماشائیوں کو کھیلوں کے اس بڑے مقابلے کو دیکھنے کی اجازت دی گئی تھی۔
تاہم اب پابندی عائد کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ٹوکیو اولمپکس کو اب تماشائیوں کے بغیر منعقد کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ اہم فیصلہ عالمی وبا کورونا کیسز میں اضافے کی رپورٹس کے بعد کیا گیا ہے۔ وبائی مرض کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ٹوکیو میں ہنگامی حالت نافذ ہے جسے پورے ایونٹ کے دوران برقرار رکھا جائے گا۔
ٹوکیو حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کھیلوں کا بغیر تماشائیوں کے انعقاد افسوسناک ہے لیکن ہم مجبوری کی حالت میں یہ سب سخت اقدامات اٹھا رہے ہیں، ملک میں کورونا کا پھیلاؤ روکنے اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے یہ انتہائی ضروری ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔
بیان میں جاپانی عوام اور غیر ملکی تماشائیوں سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہمارے لئے آسان فیصلہ نہیں تھا، امید ہے کہ انھیں صورتحال کا بخوبی اندازہ ہوگا۔ ہم ان سے معذرت کرتے ہیں۔
یہ بات ذہن میں رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کا پھیلاؤ دیکھتے ہوئے جاپانی حکومت نے گزشتہ سال مارچ 2020ء میں شیڈول کھیلوں کے اس سب سے بڑے ایوںٹ کو موخر دیا تھا۔ ٹوکیو اولمپکس کا انعقاد 23 جولائی سے 8 اگست تک ہوگا۔