اسلام آباد: لڑکے اور لڑکی کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ لڑکے اور لڑکی نے واقعے کے بعد آپس میں شادی کر لی۔
نیو نیوز کے مطابق آج جماعت اسلامی یوتھ پی پی 16 راولپنڈی کے آفس میں پولیس کو بیان ریکارڈ کرایا اور اس موقع پر لڑکے کے والد بھی جماعت اسلامی یوتھ کے آفس موجود تھے۔
لڑکی نے ہر فورم پر ملزمان کے خلاف کارروائی میں پولیس کے ساتھ تعاون کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ اسلام آباد میں لڑکے اور لڑکی کو برہنہ کر کے تشدد کرنے کے واقعے کی تحقیقات آگے بڑھنے لگی ہیں۔ واقعے کا وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیکر آئی جی اسلام آباد کو ملزمان کیفرکردار پہنچانے کی ہدایت کی۔ گرفتار ملزم عثمان مرزا کے موبائل فون سے مزید ویڈیوز بھی ملی ہیں۔ جس سے گرفتار ملزمان کے گینگ کے طور پر ایسے واقعات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن عطا الرحمان کا کہنا ہے تحقیقات میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے اور متاثرین کے ساتھ انصاف کریں گے۔
ای الیون میں لڑکے لڑکی پر تشدد کیس میں چوتھے ملزم کو چار روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ ملزم ادارس قیوم بٹ کو جوڈیشل مجسٹریٹ وقار گوندل کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ ملزم کو دوبارہ 12 جولائی کو عدالت میں پیش کیا جائیگا۔