بھارت میں کورونا وائرس عروج پر، 25 ہزار نئے کیسز سامنے آ گئے

08:39 PM, 9 Jul, 2020

نئی دہلی: بھارت ميں چوبيس گھنٹوں ميں کورونا کے 25 ہزار نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد مودی سرکار کی نااہلی اور ناقص کارکردگی کھل کر سامنے آ گئی ہے جب کہ ملک بھر میں یومیہ بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے باعث خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے پچيس ہزار سے زائد نئے کيسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 7 لاکھ 67 ہزار 302 ہو گئی ہے جب کہ اس مہلک وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 21 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارت میں یومیہ 2 لاکھ افراد کے ٹیسٹ کرائے جا رہے ہیں۔

رواں برس مارچ کے بعد يہ پہلا موقع ہے کہ جب انفيکشن کی تعداد میں اس حد تک اضافہ ہوا ہے۔ عالمی سطح پر بھی بھارت کورونا وائرس سے متاثر ہونے والا تيسرا سب سے بڑا ملک بن گیا ہے۔ تمام ہی اسپتالوں میں کورونا وارڈز بھر چکے ہیں اور زیادہ تر مریض وینٹی لیٹر نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے جب کہ دیہاتوں میں حالت مزید خراب ہے۔

کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز ریاست مہاراشٹرا میں سامنے آئے ہیں جب کہ دارالحکومت نئی دہلی، ممبئی سمیت کئی بڑے شہر مہلک وائرس کی لپیٹ میں ہیں اور مودی سرکار کورونا وبا کو قابو کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دنیا بھر میں 1 کروڑ 18 لاکھ 148 ہزار اور 626 ہوگئی ہے جب کہ 5 لاکھ 45 ہزار افراد اس وبائی مرض میں ہلاک ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں