اسلام آباد: کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نےعیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے متعلق فیصلہ کرلیا ہے۔
میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ عیدالاضحیٰ پرصرف ایک سرکاری چھٹی دیئے جانے کا امکان ہے اور کوئی اضافی چھٹی بھی نہیں دی جائے گی۔رواں برس عیدالاضحیٰ جمعہ کو ہونے کا امکان ہے جب کہ ہفتہ اوراتوار کو معمول کی سرکاری چھٹی ہوتی ہے۔اطلاعات ہیں کہ جمعہ، ہفتہ اوراتوارکو ملا کرعید پر کل 3 چھٹیاں ہوں گی۔
سخت لاک ڈاؤن اور دیگر اقدامات کے سبب پاکستان میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ بہت کنٹرول ہوا ہے اور حکومت نہیں چاہتی کہ مریضوں کی تعداد میں دوبارہ اضافہ ہو۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عید الفطر پر زیادہ چھٹیوں کے باعث عوام نے احتیاطی تدابیر نہیں اپنائیں جس کے باعث مریضوں میں اضافہ ہوا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھی عوام سے اپیل کی ہے کہ عید الفطر پر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ اسپتالوں پر مریضوں کا بوجھ کم ہو۔
خیال رہے کہ حکومت نے عید الفطر پر پانچ چھٹیوں کا اعلان کیا تھا۔ عید کی چھٹیاں ختم ہوتے ہی کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔عیدالاضحیٰ پر ہر بڑے شہر میں مویشی منڈیاں لگائی جاتی ہیں اور عوامی اجتماعات کے باعث کورونا کے پھیلاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔مختلف دیہاتوں سے لوگ قربانی کے جانور فروخت کرنے بڑے شہروں کا رخ کرتے ہیں جس سے کورونا وائرس کے منتقل ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ بالا تمام خدشات کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے عیدالاضحیٰ پر صرف ایک سرکاری چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔