دبئی:مشرق وسطیٰ کی آن لائن ٹیکسی کمپنی ” کریم “ نے فوڈ ڈلیوری بزنس کے آغاز کی منصوبہ بندی شروع کردی جس پر 150 ملین ڈالر لاگت آئے گی۔
منصوبے سے واقف دو قریبی ذرائع کے مطابق کریم کے حکام نے فوڈ ڈلیوری بزنس کے آغاز کی منصوبہ بندی پر غور شروع کردیا ہے جس پر 150 ملین ڈالر لاگت کا منصوبہ ہے۔توقع ہے کہ اس کاروبار کا آغاز رواں سال ستمبر کے ابتدائی ایام میں کردیا جائے گا۔ اس نے فروری میں کیے گئے اعلان کے مطابق علاقائی آن لائن ریسٹورینٹ لسٹنگ پلیٹ فارم ” راﺅنڈ مینیو“ پہلے ہی خرید رکھا ہے۔
کریم اس منصوبے کے لیے کم از کم 500 ملین ڈالر کے حصول کے لیے سرمایہ کاروں سے مذاکرات کررہی ہے۔ ایک اور ذریعے نے بتایا کہ کریم فوڈ بہت جلد ( ستمبر تک ) پاکستان میں اپنی فوڈ ڈلیوری سرگرمیاں شروع کرے گی اس کے بعد متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، دیگر خلیجی ریاستوں اور مصر میں اس منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا۔