کیلیفورنیا:ٹک ٹاک کی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی حکومت یا سپریم کورٹ نے ایپلی کیشن پر عائد پابندی کی تاریخ میں کوئی توسیع یا رعایت نہ دی، تو 19 جنوری تک ٹک ٹاک امریکہ میں بند ہو جائے گا۔
امریکی حکام نے ٹک ٹاک کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے اس پر الزام عائد کیا ہے کہ کمپنی 19 جنوری تک اپنے امریکی آپریشنز کسی امریکی شخص یا کمپنی کو فروخت کرے۔ اگر کمپنی اس حکم پر عمل نہیں کرتی، تو ایپلی کیشن کو امریکہ میں بند کر دیا جائے گا۔
اس معاملے پر ٹک ٹاک نے امریکی عدالتوں میں درخواستیں دائر کی تھیں، لیکن نچلی عدالتوں نے اس کے حق میں فیصلہ نہیں دیا۔ اب کمپنی نے اس کیس کو امریکی سپریم کورٹ میں لے جایا ہے، جہاں جلد سماعت متوقع ہے۔
اگر امریکی حکومت یا عدالتوں کی جانب سے مزید کوئی رعایت نہ دی گئی، تو 19 جنوری تک ٹک ٹاک کا امریکہ میں آپریشن بند ہو سکتا ہے، جس سے ایپ کے لاکھوں امریکی صارفین متاثر ہو سکتے ہیں۔