سلطان راہی کی 29ویں برسی: پنجابی سینما کے عظیم اداکار کی یادیں آج بھی دلوں میں تازہ

06:29 PM, 9 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

لاہور:  پنجابی سینما کے بے تاج بادشاہ، لیجنڈری اداکار سلطان راہی کو مداحوں سے بچھڑے 9 جنوری 1996 کو 29 سال مکمل ہو گئے ہیں۔

سلطان راہی اور مصطفیٰ قریشی کی جوڑی پاکستانی سینما کی سب سے کامیاب اور مشہور جوڑی بنی۔ ان کی فلم ’’مولا جٹ‘‘ نے باکس آفس پر کامیابیاں حاصل کر کے کئی ریکارڈ قائم کیے۔ سلطان راہی وہ پہلے پاکستانی اداکار تھے جن کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل ہوا۔

سلطان راہی نے اپنے کیریئر میں 700 سے زائد فلموں میں کام کیا، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔ اس کے علاوہ انہیں 150 سے زائد فلمی ایوارڈز بھی ملے۔ 12 اگست 1981 کو ان کی پانچ فلمیں ’’شیر خان‘‘، ’’ظلم دا بدلہ‘‘، ’’اتھرا پتر‘‘، ’’چن وریام‘‘ اور ’’سالا صاحب‘‘ ایک ہی دن ریلیز ہوئیں اور ان سب نے زبردست کامیابی حاصل کی۔

ان کی معروف ہیروئنز میں آسیہ، انجمن، صائمہ، گوری، نیلی اور بابرہ شریف شامل ہیں، جن کے ساتھ انہوں نے کئی کامیاب فلموں میں اداکاری کی۔

سلطان راہی کی افسوسناک موت 9 جنوری 1996 کو گوجرانوالا کے قریب نامعلوم ڈاکوؤں کے ہاتھوں ہوئی، جس نے نہ صرف ان کے چاہنے والوں کو گہرے دکھ میں ڈبو دیا بلکہ پاکستانی فلم انڈسٹری کو بھی ایک سنگین بحران سے دوچار کر دیا۔ ان کی موت کے وقت 54 فلمیں زیر تکمیل تھیں، جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔

سلطان راہی کا فن اور ان کی فلموں کی وراثت ہمیشہ پاکستانی سینما کی تاریخ میں سنہری حروف سے محفوظ رہے گی۔

مزیدخبریں