اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے جاری مذاکرات میں بجلی کی قیمتوں میں 10 سے 12 روپے فی یونٹ تک کمی کی امید کی جا رہی ہے۔ ان کا یہ بیان قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سامنے آیا۔
اویس لغاری نے کہا کہ آئی پی پیز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں بجلی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جس سے عوام کو فائدہ پہنچا ہے اور حکومت نے 1100 ارب روپے کی بچت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب حکومتی پاور پلانٹس کے معاہدوں پر نظرثانی کی جا رہی ہے اور اس سے بھی عوام کو مزید مالی فائدہ ہوگا۔
وزیر توانائی نے کے الیکٹرک کی جانب سے ملٹی ایئر ٹیرف کی درخواست پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ ٹیرف زیادہ ہے اور اس میں کمی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا عوام کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلہ کرے گا۔
اویس لغاری نے خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سے کنڈا کلچر کے خاتمے کے حوالے سے ملاقات کی تفصیلات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے کہنے پر چوری کرنے والے فیڈرز کو بجلی فراہم کی گئی تاکہ کنڈے ختم کیے جا سکیں، تاہم اس کوشش میں مکمل کامیابی حاصل نہیں ہو سکی، جس کے نتیجے میں حکومت کو 6 ارب روپے کا اضافی نقصان ہوا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کی پالیسی پر نظرثانی کی جا رہی ہے اور اس حوالے سے مشاورت جاری ہے۔ اویس لغاری نے مزید کہا کہ آئی پی پیز کے معاہدوں کے جائزے سے عوام کو توانائی کے شعبے میں بہتری کی توقع ہے۔