مہاراشٹر:مہاراشٹر کے ضلع بلڈھانہ کے چھ دیہاتوں میں حالیہ دنوں میں ایک پراسرار بیماری کی وجہ سے خوف و ہراس پھیل گیا ہے، جس میں مقامی افراد نے شکایت کی ہے کہ سر میں خارش شروع ہونے کے بعد بال تیزی سے گرنے لگتے ہیں اور صرف تین دنوں میں وہ مکمل طور پر گنجے ہو جاتے ہیں۔
مقامی محکمہ صحت نے اس بیماری کی وجوہات جاننے کے لیے سروے شروع کر دیا ہے۔ ابتدائی طور پر اس بیماری کا شکار 50 سے 55 افراد ہو چکے ہیں۔ متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ اس بیماری میں سب سے پہلے سر میں خارش ہوتی ہے، پھر بال گرنا شروع ہوتے ہیں اور تین دن کے اندر وہ بالکل گنجے ہو جاتے ہیں۔
وانکھڑے دیہی صحت مرکز کے ڈاکٹر بالاجی آدر نے کہا کہ "ہم نے جن مریضوں کا معائنہ کیا، ان کے سر پر کچھ دھبے اور شدید خارش پائی گئی۔ 90 فیصد مریض مسلسل سر کھجاتے تھے۔ زیادہ تر مریض فنگل انفیکشنز جیسے ٹینیا کیپیٹس اور پیٹیریاسس کیپیٹس کا شکار تھے، جو سردیوں میں عام ہوتے ہیں۔ ہم نے گاؤں سے پانی کے نمونے بھی تجزیے کے لیے بھیجے ہیں۔
کچھ گاؤں والے دعویٰ کرتے ہیں کہ یہ مسئلہ ایک خاص کمپنی کے شیمپو کے استعمال کے بعد شروع ہوا، لیکن ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اس بات کی تصدیق تحقیقی رپورٹس آنے کے بعد ہی کی جا سکتی ہے۔گاؤں کے سرپنچ راما پٹیل نے بتایا کہ "ہمارے گاؤں میں کھارا پانی ہونے کی وجہ سے لوگ گردوں کی بیماریوں کا شکار ہو چکے ہیں۔ یہ بیماری بھی اسی پانی کی وجہ سے پھیل سکتی ہے۔
ڈاکٹر بالاجی آدر نے کہا کہ "ہم مریضوں کے جلد کے نمونے مزید تجزیے کے لیے بھیجیں گے تاکہ بیماری کی اصل وجہ کا پتہ چل سکے۔" حالانکہ گاؤں میں خوف کا ماحول برقرار ہے، بعض مریضوں کا کہنا ہے کہ بیماری کی شدت کم ہو گئی ہے، لیکن صحت حکام کا کہنا ہے کہ اس کی حتمی وجہ تحقیق کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
مہاراشٹر کے دیہاتوں میں پراسرار بیماری، چند دنوں میں گنجا ہونے کا انکشاف
04:32 PM, 9 Jan, 2025