ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا،ایک بار پھر معیشت میں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے :مریم نواز

ملک ترقی کی راہ پر چل پڑا،ایک بار پھر معیشت میں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے :مریم نواز

پاکپتن :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پاکپتن میں لائیو سٹاک کارڈ کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری آ رہی ہے اور ملک معاشی استحکام کی طرف گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور کے بعد ایک بار پھر معیشت میں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے، اور ملک معاشی ترقی کی راہ پر چل پڑا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بننے کے وقت پاکستان کی معاشی صورتحال انتہائی خراب تھی اور ملک دیوالیہ ہونے کے خدشات تھے، لیکن مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے صرف 10 ماہ میں سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ توڑنے کی خبریں آ رہی ہیں، جو معیشت میں استحکام کی علامت ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لائیو سٹاک سکیم کے حوالے سے کہا کہ یہ پروگرام عوام کے لیے ایک اہم قدم ہے جس سے کسانوں اور چھوٹے کاروباروں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 90 ہزار افراد کو لائیو سٹاک کارڈ فراہم کیے جائیں گے، جس سے 4 لاکھ جانوروں کی دیکھ بھال کے لیے 11 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اس پروگرام کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنے جانوروں کی بہتر نگہداشت کر سکیں۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں آٹے اور روٹی کی قیمتوں میں کمی آئی ہے، جبکہ دیگر صوبوں میں قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ وہ روزانہ اپنی ٹیم کے ساتھ قیمتوں کی نگرانی کرتی ہیں تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لائیو سٹاک سکیم سے نہ صرف عوام کی ضروریات پوری ہوں گی بلکہ گوشت کی برآمدات میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس کے علاوہ، پاکستان میں پہلی بار جانوروں کی ٹیگنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے، جس سے مارکیٹ میں جانوروں کی طلب کا بہتر اندازہ لگایا جا سکے گا۔

مصنف کے بارے میں