لاہور : پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار خالد انعم نے ملک کی معاشی مشکلات کے برعکس پاکستانی قوم کے رویے پر طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا ہے۔ انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ پاکستان کی شادیاں، شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ یہ ملک امریکا، جرمنی اور جاپان کو قرضہ دیتا ہے۔
خالد انعم نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہر شخص اپنی چادر سے دو سو فٹ باہر نکلا ہوا ہے، یعنی لوگوں کی مالی حالت سے کہیں زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔ ان کا یہ بیان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حالیہ معاشی بحران کے باوجود، لوگ فیشن، تفریح اور دیگر غیر ضروری چیزوں پر پیسے خرچ کرنے میں مصروف ہیں۔
اس کے علاوہ خالد انعم نے زندگی کو سادہ اور آسان بنانے کے حوالے سے ایک اہم مشورہ بھی دیا۔ انہوں نے اپنی ایک اور انسٹا پوسٹ میں لکھا کہ "پیسے اتنے کمائیں کہ جب آپ بیمار ہوں تو آپ کے بچے ڈاکٹر بلائیں نہ کہ وکیل کو۔"سوشل میڈیا پر صارفین نے اداکار کے اس پیغام سے اتفاق کیا ہے اور ان کی اس سوچ کو سراہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ وقت ہے کہ ہم اپنی ترجیحات پر دوبارہ غور کریں اور زندگی کی سادگی کو اپنائیں۔