پاکستان کا شام میں وحدت اور سالمیت کے لیے نمائندہ طرز حکمرانی کا مطالبہ

11:07 AM, 9 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

نیویارک : پاکستان نے شام کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو یقینی بنانے کے لیے نمائندہ طرز حکمرانی کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شام کی موجودہ صورتحال پر بحث کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب منیراکرم نے کہا کہ شام میں نئی حکومت کو اقوام متحدہ کی حمایت حاصل ہونی چاہیے۔

منیراکرم نے مزید کہا کہ شام اپنی تاریخ کے ایک اہم موڑ پر کھڑا ہے اور حالیہ سیاسی پیش رفت ملک میں معمولات کی بحالی، استحکام اور امن کے نئے مواقع فراہم کرتی ہے۔ ان کے مطابق، یہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ ایک نئے حکومتی ڈھانچے کی پرامن منتقلی کو یقینی بنایا جائے، جو جامع اور مستحکم ہو۔ انہوں نے زور دیا کہ اقتدار کی پرامن منتقلی شام کی وحدت اور علاقائی سالمیت کو تحفظ دے گی۔

پاکستان کے مستقل مندوب نے شام میں عبوری حکومت کے رہنماؤں اور نمائندوں کے مثبت بیانات کا خیرمقدم بھی کیا اور کہا کہ ان بیانات اور یقین دہانیوں کو پالیسیوں میں تبدیل اور عملی طور پر نافذ ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ شام میں اپوزیشن فورسز نے بڑے شہروں پر قبضہ کر کے بشار الاسد کو ملک چھوڑنے پر مجبور کر دیا تھا، جس کے بعد 5 دہائیوں سے زیادہ عرصے تک حکومت کرنے والے الاسد خاندان کے اقتدار کا خاتمہ ہو گیا۔ بشار الاسد اپنی فیملی کے ساتھ روس فرار ہوگئے تھے، جہاں انہیں سیاسی پناہ دی گئی ہے۔ شام کے عبوری رہنما احمد الشرع نے کہا کہ شام میں انتخابات کے انعقاد میں چار سال تک کا وقت لگ سکتا ہے۔

مزیدخبریں