غزہ پر اسرائیلی حملے جاری، مزید 60 فلسطینی شہید

10:14 AM, 9 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

غزہ: اسرائیل کے غزہ پر جاری حملے رکنے کا نام نہیں لے رہے، اور تازہ ترین حملوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے ہیں۔ وزارت صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی بمباری سے فلسطینیوں کی ہلاکتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ کے شجاعیہ علاقے میں ایک مواصلاتی کمپنی کے ٹاور پر حملہ کیا گیا جس میں 4 ملازمین شدید زخمی ہوگئے۔ اسی دوران، مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 2 بچوں سمیت 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔

دوسری جانب، شمالی غزہ میں حماس کے حملے میں 3 اسرائیلی فوجی مارے گئے، جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی جانی نقصان کی تعداد 399 تک پہنچ گئی۔ ایک اسرائیلی فوجی زخمی بھی ہوا۔ 

اسرائیل کے داخلی محاذ پر، غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی کے لیے احتجاج شروع ہوگیا ہے۔ تل ابیب کی سڑکیں بند کر دی گئیں اور نیتن یاہو حکومت سے غزہ میں جنگ فوری طور پر بند کرنے اور یرغمالیوں کو واپس لانے کا مطالبہ کیا گیا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے اس بات کا عندیہ دیا کہ جنگ بندی معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں، اور اگر یہ معاہدہ اب تک ممکن نہ ہوا تو مستقبل کی امریکی حکومت اس معاہدے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گی۔

مزیدخبریں