عوام 9 مئی کے بجائے 28 مئی والوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں: احسن اقبال

10:26 PM, 9 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

نارووال:مسلم لیگ ن کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عوام 9 مئی کے بجائے 28 مئی والوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔

عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عوام 9 مئی کے بجائے 28 مئی والوں کو ووٹ دے کر کامیاب کرائیں۔ نواز شریف نے 28 مئی کو انڈیا کے مقابلے میں پانچ ایٹمی دھماکے کئے تھے، 9 مئی کو اپنے ہی اداروں پر حملے کر کے پی ٹی آئی نے دشمن کا خواب پورا کیا، مسلم لیگ ن کے قائدین کو سیاسی دباؤ کیلئے اداروں نے حراست میں لیا تھا۔


احسن اقبال نے کہا کہ سوشل میڈیا پر 90 فیصد خبریں جھوٹ پر مبنی ہوتی ہیں، چور ڈاکو کا راگ الاپنے والوں نے 4 سال میں صرف پگڑیاں ہی اچھالی ہیں، عمران خان نے نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے اپنی حکومت ختم کی تھی۔ پی ٹی آئی بتائے چار سال میں پاکستان میں کوئی بڑا منصوبہ شروع کیا ہے؟ مسلم لیگ ن نے موٹر ویز اور تعلیمی میدان میں یونیورسٹیاں بنائیں، کھیلوں کے میدان بنانے پر مجھے کال کوٹھڑی میں بند کر دیا گیا۔مسلم لیگ ن ہی پاکستان میں ترقی و خوشحالی اور امن کی ضامن ہے۔


انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کسی ادارے کو نشانہ نہیں بنایا اور نہ ہی کسی پر حملہ کرنے کو کہا تھا، پی ٹی آئی آج بھی انتقامی سیاست کی باتیں کر رہی ہے، پاکستان کو آگے بڑھانے کیلئے انتقامی سیاست اور نفرت کا خاتمہ کرنا ہو گا، عمرانی پراپیگنڈا نے صرف عوام میں نفرت پیدا کی تھی۔

مزیدخبریں