کراچی: کراچی میں کورونا کے نئے ویریئنٹ کی انٹری کے بعد محکمہ صحت سندھ متحرک ہوگیا اور متاثرہ مریضوں کو قرنطینہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ملک بھر میں کورونا ویریئنٹ کے کیسز میں اضافے پر نگران وزیر صحت سندھ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے نئے کوویڈ ویرئینٹ سے متعلق ہدایت نامہ جاری کردیا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سندھ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں سندھ کے تمام ڈی ایچ اوز و میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو کووڈ19 کے نئے ویریئنٹ سے متعلق اقدامات کا کہا گیا ہے۔
کووڈ متاثرین کو نشاندھی کے بعد آئسولیٹ کرنے کاحکم دیاگیا ہے۔اس سلسلے میں سندھ کے تمام ہسپتالوں میں بیڈز و طبی سہولیات و وسائل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ نئے کیسز کی تشخیص مضبوط سرویلنس سسٹم کے تحت مانیٹر کی جائے۔واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ کے اب تک 6 کیسز سامنے آچکے ہیں۔