طاقتور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش کی سزا مل رہی ہے، شیخ رشید کی حمایت کا فیصلہ پارٹی کرے  گی: عمران خان 

07:46 PM, 9 Jan, 2024

نیوویب ڈیسک

راولپنڈی : سابق وزیر اعظم عمران خان نے توشہ خانہ ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونے  کے بعد دعویٰ کیا کہ انھیں اس چیز کی سزا دی جا رہی ہے کہ انہوں نے طاقتور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش کی۔

اڈیالہ جیل میں سماعت کے موقع پر موجود صحافیوں اور جیل حکام کے مطابق عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ میں کہا گیا ہے کہ میں نے اپنے آفس بوائے کے ذریعے اربوں روپے کی کرپشن کی۔ بطور وزیر اعظم میں نے کسی اور کا نہیں بلکہ آفس بوائے کا استعمال کیا، کیا ایسا ممکن ہے؟‘

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف چپڑاسی سمیت دو افراد کو وعدہ معاف گواہ بنایا گیا ہے۔ کیا یہ معاشرہ امر بالمعروف پر چل رہا ہے؟ جبکہ یہ ایک اسلامی معاشرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ اچھائی، برائی پر ہوتا ہے۔ اچھائی ختم تو معاشرہ ختم۔ مجھے سزا دی جا رہی ہے کہ میں نے طاقتور کو قانون کے تابع کرنے کی کوشش کی۔

سپریم کورٹ کی جانب سے تاحیات نااہلی ختم کرنے کو انھوں نے ’عدالت کا فیصلہ‘ کہا جبکہ سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کی جماعت کے ساتھ پی ٹی آئی کے ممکنہ اتحاد کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارا سیاسی سیٹ اپ ہے، وہی فیصلہ کرے گا۔

مزیدخبریں