لاہور:پاکستانی اداکارفواد خان، اداکارہ ماہرہ خان اور صنم سعید کی پہلی نیٹ فلیکس ویب سیریز کے سوشل میڈیا پر چرچے ہورہے ہیں۔ ورائیٹی میگزین کے مطابق یہ تینوں پاکستانی اداکار نیٹ فلیکس سیریز " جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو " میں جلوہ گر ہورہے ہیں ۔ یہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔ اس کی پوری کاسٹ کے حوالے سے بات کی جائے تو ا س میں ماہرہ خان، فواد خان، احد رضا میر، صنم سعید، حمزہ علی عباسی، بلال اشرف، مایا علی، ہانیہ عامر، خوشحال خان، نادیہ جمیل، عمیر رانا، اقرا عزیز اور ثمینہ احمدشامل ہیں۔
مذکورہ ویب سیریز کو مومنہ درید پروڈکشن کی جانب سے امارات کی ریاست دبئی میں بنائی گئی ’مومنہ درید فلمز‘ کے بینر تلے بنایا جائے گا۔رپورٹ کے مطابق پہلی پاکستانی اوریجنل ویب سیریز کی کہانی 2013 میں فرحت اشتیاق کے اسی عنوان سے شائع ہونے والے ناول سے ماخوذ ہوگی اور اس کی شوٹنگ پاکستان کے علاوہ برطانیہ اور اٹلی میں بھی ہوئی ہے۔
’جو بچے ہیں سنگ سمیٹ لو‘ ناول کی کہانی سکندر نامی ایک ایسے نوجوان کے گرد گھومتی ہے جو معروف ہارورڈ یونیورسٹی میں قانون کا طالب علم ہوتا ہے مگر اس کی زندگی میں کئی منفرد موڑ آتے ہیں اور ان کی زندگی میں اس وقت نیا موڑ آتا ہے جب یورپی ملک اٹلی میں ان کی ملاقات لیزا نامی ایک آرٹسٹ سے ہوتی ہے، جن کا ماضی انتہائی درد ناک ہوتا ہے۔