راولپنڈی : پی ٹی آئی کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حیران کن دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حال ہی میں دی اکانومسٹ میں ان کے نام سے شائع ہونے والا مضمون دراصل ’’اے آئی سے تیار کردہ‘‘ تھا۔
انگریزی اخبار "ڈان" کے مطابق عمران خان نے یہ دعویٰ پیر کے روز اڈیالہ جیل میں 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس اور توشہ خانہ ریفرنس میں پیشی کے بعد جیل کے اندر کارروائی کو کور کرنے کی اجازت دیے گئے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔
مضمون کے مندرجات کی تصدیق کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ انہوں نے یہ تحریر خود نہیں لکھی بلکہ یہ ان نکات پر مبنی تھی جو انہوں نے ڈکٹیٹ کیے تھے جنہیں مصنوعی ذہانت کے استعمال سے الفاظ میں ڈھالا گیا تھا۔
مضمون میں عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات شاید بالکل بھی نہیں ہوں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ ایسا کرتے ہیں تو بھی اس طرح کے انتخابات ایک "تباہ اور ایک مذاق ثابت ہوں گے کیونکہ پی ٹی آئی کو اس کے انتخابی مہم چلانے کا بنیادی حق سے دینے انکار کیا جا رہا ہے۔
اگرچہ مضمون کا مواد اور لہجہ عمران خان کے تاریخی موقف کے مطابق تھا لیکن کئی مبصرین کو اس بات پر شک تھا کہ آیا پی ٹی آئی کے بانی نے ذاتی طور پر یہ تحریر لکھی تھی۔