کراچی: بینکنگ کورٹ نے جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور سمیت دیگر کو نوٹس جاری کر دیے۔
کراچی کی بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کے خلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کی سماعت کی ہوئی، عبدالغنی مجید اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور پیش نہ ہوسکے۔سابق صدر کی جانب سےان کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے۔
فاروق نائیک نے عدالت کو بتایا کہ جن ملزمان کو نوٹسز ملے تھے وہ آج عدالت میں پیش ہوئےلیکن آصف زرداری اور فریال تالپور کو نوٹس موصول نہیں ہوئے تھے، جس پر عدالت نے سابق صدر آصف علی زرداری، فریال تالپور و دیگر کو دوبارہ نوٹس جاری کر دیے۔
بینکنگ کورٹ نے جاری نوٹس میں ان افراد کو 19 فروری کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔
واضح رہےکہ گزشتہ سال اگست میں جعلی بینک اکاؤنٹس کیس اسلام آباد سے کراچی منتقل کیا گیا تھا، اس سے پہلے کیس نومبر 2019 میں کراچی سے نیب کورٹ اسلام آباد منتقل کیاگیا تھا۔
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپور سمیت دیگر ملزمان نامزد ہیں جن پر 4 ارب روپے کی منی لانڈرنگ سمیت دیگر الزامات ہیں۔