اسلام آباد: نگران وفاقی وزیر برائے صحت ندیم جان اور نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہاکہ اسلام آباد میں کل سے صحت سے متعلق ایک گلوبل ہیلتھ عالمی سربراہی کانفرنس کا انعقاد کرنے والے ہیں، یہ کانفرنس لوگوں کی ہیلتھ کے بارے میں ہے۔
اسلام آباد میں نگراں وزیر صحت ندیم جان نے نگران وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کی وجہ ہمیں بہت نقصان ہوا ہے،ویکسین ایکوئٹی کی ٹیکنالوجی کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے، ہم پاکستان اور پوری دنیا میں سسٹم کی اپ گریڈیشن چاہتے ہیں۔
وزیرِ صحت ندیم جان نے کہا کہ کل سے گلوبل ہیلتھ عالمی سربراہی کانفرنس اسلام آباد میں شروع ہورہی ہے، جس میں ستر سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مندوبین اس میں شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس بلانے کا مقصد دنیا کو ہیلتھ سیکورٹی کے حوالے سے محفوظ کرنا ہے۔
ندیم جان نے کہا کہ ہیلتھ کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں، ہمارے ہیلتھ پلان میں بھی بہت خامیاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ سہولتیں ہوں تاکہ قدرتی آفات کا مقابلہ کرسکیں، وائرس کی کوئی حد نہیں ہوتی، وہ کسی بھی ملک میں ہو سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی وبائی مرض کےمقابلے کے لیے وسائل کا ہونا ضروری ہے۔
وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے بتایا ہے کہ کرونا کے نئے ویرینٹ کے جو چار کیسز رپورٹ ہوئے ان میں سے کسی مریض کی حالت خطرے میں نہیں، تمام مریض صحت میں بہتری آنے پر گھروں کو جا چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ فائزر ویکسین اس نئے کرونا ویرینٹ پر کارآمد ہے۔ امید ہے کہ فائزر کی مطلوبہ مقدار اس ہفتے امریکہ سے پاکستان آ جائے گی۔