وزیراعظم اور ان کی ٹیم نے جنیوا کانفرنس میں پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں لڑا: احسن اقبال

11:43 PM, 9 Jan, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تک عالمی برادری کی جانب سے 10.7 ارب ڈالر کے وعدے کئے جا چکے ہیں ،جنیوا کانفرنس غیر معمولی کامیابی کی حامل ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے موثر انداز میں پاکستان کا مقدمہ لڑا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ جنیوا میں کلائیمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان کانفرنس ہے۔ پاکستان کے لئے بہت اہم دن تھا،پاکستان کو سیلاب کی صورت میں تاریخ کی برترین قدرتی آفات کا سامنا کرنا پڑا۔ 
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اور انفراسٹرکچر کو سیلاب سے 30ارب ڈالر کا نقصان ہوا ،عالمی برادری اور ترقیاتی شراکت داروں نے تین سال میں پاکستان کے لئے 16ارب ڈالر کی ضرورتوں کا اندازہ لگایا تاکہ پاکستان انفراسٹرکچر بحال کرسکے اور لوگوں کی زندگیوں کو بہتر بنا سکے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے 50 فیصد وفاق اور صوبوں کے ترقیاتی بجٹ سے انتظام کرنے کا عہد کیا تھا ،ہماری توقع تھی اگلے تین سالوں میں 8ارب ڈالر عالمی برادری سے حاصل کریں گے ،اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تک عالمی برادری کی جانب سے 10.7ارب ڈالر کے وعدے کئے جاچکے ہیں ،یہ کانفرنس غیر معمولی کامیابی کی حامل ہے ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور ان کی ٹیم نے موثر انداز میں پاکستان کا مقدمہ لڑا ،جس کے نتیجے میں پاکستان کو کامیابی ملی۔ 
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے کسی بھی پاکستانی سے بڑھ کر پاکستان کا مقدمہ پیش کیا ،قوم کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ہم عالمی سطح پر بہت بڑی کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ،اب اگلے مرحلے میں امدادی رقوم اور اپنے وسائل سے ملک میں تعمیر نو کا نیا سفر شروع کریں گے۔

مزیدخبریں