راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وقت بڑا نازک ہے اور آنے والا وقت خاص طور پر 100 دن بہت اہم ہیں، میں نے عمران خان کو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات رکھیں۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج سے سیاست شروع ہوگئی ہے، وقت بڑا نازک ہے، میں بہت بڑی سیاست نہیں کرتا 6،5 دوستوں کو ناراض کیا، عمران خان کے علاوہ میری کسی سے گپ شپ نہیں تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ مونس الٰہی عمران خان کے زیادہ قریب ہیں جبکہ ان کی فیملی کو ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالا گیا ہے اور کافی ذیادتی ہو رہی ہے، حکمرانی دلوں پر ہوتی ہے جو عمران خان کررہے ہیں، میں نے اپنی ہر بات جو زہن میں آتی ہے عمران خان سے شیئر کی ہے، عمران خان لوگوں میں بہت مقبول ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ میں چینی چوروں کے ساتھ نہیں بیٹھتا، میں نے چینی اور آٹے کو باہر بھیجنے کی مخالفت کی تھی، دو یونیورسٹیوں کا کام میرے ذمہ تھا جو میں نے پورا کیا، میں نے عمران خان کو واضح الفاظ میں کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے اچھے تعلقات رکھیں، آنے والا وقت اور 100 دن بہت اہم ہیں۔